اٹک،25 فروری (اے پی پی ):پی ٹی آئی رہنما و ٹکٹ ہولڈر حلقہ پی پی 2قاضی احمد اکبر نے کہا ہے کہ شہری اپنے گھروں میں بھی پودے لگائیں، ملک کو سرسبز بنانے کے لئے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ضلع اٹک کو بھی کلین اینڈ گرین بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو میں شجرکاری مہم کے سلسلہ میں ایم ایس ڈاکٹر جواد الٰہی ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر شوکت ، ایڈمن شاکر اعجاز اور عمران خان کے ہمراہ پودا لگا کر مہم کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان ڈے ایک مہم نہیں مقصد ہے جس کے لئے ہر شخص آگے آکر اپنا حصہ ڈالے، شہری شجر کاری مہم میں حصہ لے کر حکومت کا ساتھ دیں ،موسم بہار کی شجرکاری مہم 30 اپریل جاری رہے گی، ماضی کی حکومتوں نے شجر کاری پر توجہ نہیں دی۔
قاضی احمد اکبر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صاف سرسبز پاکستان کے تحت دیگر اضلاع کی طرح اٹک میں بھی پلانٹ فار پاکستان ڈے پر موسم بہار شجر کاری مہم کو بھر پور طریقے سے کامیاب بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ٹی ایچ کیو ہسپتال حضرو میں عام مریضوں کو ریلیف اور سہولیات دینے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے خصوصی تعاون سے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
سورس : وی این ایس، اٹک











