شہریوں کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے سے ٹریفک نظام میں خلل پڑتا ہے اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ بیرسٹر محمد علی سیف 

61

پشاور، 17 فروری(اے پی پی): سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے رضا کار فورس کے ممبران نے شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف ‘ چیف کیپٹل پولیس عباس احسن ‘ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت ‘ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیم اور دیگر ٹریفک حکام بھی موجود تھے ۔ اس سلسلے میں مچنی چونگی سے آرٹلری چوک تک کوننگ کرکے آگاہی زون بنایا گیا تھا سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے رضا کار فورس کے ممبران نے شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی اور باقاعدہ شہریوں میں ٹریفک قوانین پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کئے جبکہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہریوں کو موقع پر ڈی ایل وین کے ذریعے لرنرز بھی جاری کئے ۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کو سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے رضا کار فورس کے ممبران سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے اور شہریوں کو ٹریفک حادثات سے بچانے کے لئے 180 ممبران پر مشتمل رضا کار فورس تشکیل دی گئی ہے جس میں طلباء و طالبات شامل ہیں جو سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں کے ہمراہ پشاور کی شاہراہوں پر شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینگے تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی یقینی ہو اور ٹریفک حادثات پر قابو پایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں جس میں ایف ایم ریڈیو 88.6 ‘ سماجی رابطوں کے ویب سائٹس اور دیگر اقدامات شامل ہیں ۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے رضا کار فورس کے ممبران کے ہمراہ شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی اور باقاعدہ شہریوں میں ٹریفک قوانین پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے سے ٹریفک نظام میں خلل پڑتا ہے اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس کا یہ اقدام قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے اس اقدام کو سراہتے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ بھی اس قسم کی کاوشوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم سے ٹریفک کی روانی یقینی ہوگی اور جان لیوا حادثات بھی کم ہوں گے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے آگاہی کیلئے رضا کارس فورس کی تشکیل سے طلباء و طالبات کو مثبت سرگرمیوں کیلئے پلیٹ فارم بھی مل گیا ہے جو خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کی جانب سے آگاہی دینے کے باعث شہری ٹریفک قوانین کی طرف راغب ہوں گے ۔