شہر کی صفائی ستھرائی کے معاملے میں سستی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی، سید اعجاز علی شاہ

50

میرپورخاص،11فروری(اے پی پی):ڈویژنل  کمشنر میرپورخاص سید اعجاز علی شاہ نے کہا ہے کہ شہر کی صفائی ستھرائی کے معاملے میں سستی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی غفلت اور کوتاہی کرنے والے عملے کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی  جائے دیگر صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف  کاروائی کی جائے گی،اس امر کا اظہار انہوں نے صفائی ستھرائی کے حوالے سے عوامی شکایات کے بعدسیٹلائٹ  ٹاؤن، چاندنی چوک، کالے خان پمپ، غریب آباد سمیت میرپورخاص شہر کے مختلف علاقوں  کی صفائی ستھرائی کا جائزہ لینے کےلئے سرپرائیز وزٹ  کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے ایڈمنسٹریٹر  میونسپل کارپوریشن عزیز الرحمان تنیو کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کے صفائی کے عمل کو مستقل بنیاد پر جاری رکھوایا جائے،شہر کے نالے اور نالیوں کی صفائی کے ساتھ گندے  پانی کی نکاسی کی رکاوٹوں کو دور کرایا جائے تاکہ نالیوں کا پانی سڑکوں پر نہ آنے پائے اور چیف میونسپل آفیسر نبی بخش رند  کو ہدات کرتے ہوئے کہا کے شہر کے مختلف مقامات پر کچرہ کنڈیاں رکھوائی جائیں  تاکہ شہری  اس میں کچرا ڈال سکیں اور اس کے ساتھ صفائی کے حوالے سے ایک مستقل پلان بنایا جائے،شہر سے کچرا روزانہ کی بنیاد پر اٹھانے کے انتظامات کیئے جائیں۔

ڈویژنل  کمشنر نے سول اسپتال چوک، کھری کواٹر، کالے خان پمپ چوک، اسٹیشن چوک، غریب آباد روڈ، بلدیہ چوک، رنگ روڈ، ٹنڈو آدم ناکہ، شاہ عبدالطیف کالج روڈ کی صفائی کا معائنہ بھی کیا، دورے کے دوران  ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سلامت علی میمن ، ایڈمنسٹریٹر  میونسپل کارپوریشن عزیز الرحمان تنیو، اسسٹنٹ کمشنر  ڈاکٹر شاہدہ پروین جامڑو و دیگر موجود تھے۔