اٹک، 08 فروری (اے پی پی) : ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ عوامی فلاح کے ساتھ صحافیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔سکولوں میں داخلہ مہم، ڈیجیٹل گردآوری، کورونا ویکسینیشن مہم میں ضلع اٹک نے پنجاب بھر میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے جس کو صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بے حد سراہا ہے اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو تعریفی اسناد جاری کی ہیں، گڈ گورننس سیل کے قیام کی وجہ سے اٹک سے راولپنڈی مریضوں کے ریفرل کیسز میں واضح کمی واقع ہوئی ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ شہزاد نیاز کھوکھر، اٹک پریس کلب کے سر پرست رضا نقوی، چیئرمین شیخ فیصل جاوید عہدیداران و ممبران سمیت فورتھ پلر ویجلینٹ ضلع اٹک کے جنرل سیکرٹری نثار علی خان بھی موجود تھے، ڈی سی اٹک نے کہا کہ پریس کلب کی بلڈنگ کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے تاکہ میڈیا کے نمائندگان احسن طریقے سے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرسکیں۔ انہوں نے صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ایک کمیٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔ عوامی مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران حامد شیخ نے کہا ضلع اٹک کی 90 فیصد آبادی دیہاتوں سے منسلک ہے اور ان کی فلاح کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ضلع کی جھاڑ پیداوار کا حساب پچھلے 40 سال سے نہیں ہوا تھا جو کہ موجودہ انتظامیہ نے کیا ہے۔ اس کے ساتھ فصلوں کے نرخ نامے کا اعادہ بھی پچھلے 10 سال سے نہیں ہوا تھا جواب ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈی سی آفس اور ریونیو سٹاف کی ترقیاں بھی عرصہ دراز کے بعد موجودہ انتظامیہ کے دور میں ممکن ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا ریونیو سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ رجسٹری کرتے وقت محل وقوع کا اندراج بھی کیا جائے۔ اس ضمن میں باضابطہ احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں اور رجسٹری محرران کی تربیت کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔۔ ڈی سی اٹک نے کہا کہ چند ماہ پہلے ڈی سی آفس اٹک میں گڈگورننس سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے ذریعے تمام اہم محکموں کی کارکردگی کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس سیل کے ذریعے ضلع بھر کے اراضی ریکارڈ سنٹرز کی براہ راست مانیٹرنگ کی جاری ہے اور وہاں پر آنے والے افراد سے گفت و شنید کی جاتی ہے تاکہ شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ اسفندیار بخاری ہسپتال اٹک میں پلازمہ سپریٹر فنکشنل کردیا گیا ہے۔











