لاہور، 7 فروری(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں، قوم کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر غیر متزلزل یقین ہے،عوام کی خدمت ہی ہمارا ایجنڈا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی وزراء شفقت محمود اور مخدوم خسرو بختیار نے خصوصی شرکت کی۔وزیر مملکت محمد شبیر علی قریشی، صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم خواں بخت، عبدالحئی دستی، خرم سہیل خان لغاری، محمد اشرف خان رند، میاں علمدار عباس قریشی اور محمد عون حمید نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں میں پارٹی امور اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔شرکاء نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنی آراء پیش کیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مشاورت کے ساتھ مضبوط امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا، جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے حقیقی قیادت نچلی سطح پر سامنے آئے گی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ براہ راست الیکشن سے بلدیات کی سیاست میں حقیقی تبدیلی رونما ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نازک حالات کے باوجود اپوزیشن نے اپنی منفی روش ترک نہیں کی،انتشار کی سیاست سے ملک کو کمزور کرنا قومی مفادات کے منافی ہے،افراتفری کی سیاست کرنے والوں کوہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔











