پشاور، 16 فروری(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت محکمہ لائیو اسٹاک کا اجلاس بدھ کو وزیراعلی ٰہاؤس میں منعقد ہوا جسمیں صوبے میں پولٹری اور ڈیری پیداوار کو تجارتی پیمانے پر فروع دینے اور ڈیری پیداوار میں خود کفالت کے لئے اہم اقدام اٹھانے اوراس مقصد کے لئے چیف منسٹر اینٹگریٹڈ لائیو اسٹاک پروگرام شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر اجلاس کو چیف منسٹر اینٹگریٹڈ لائیو اسٹاک ڈیویلپمنٹ پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی جسمیں وزیراعلی ٰمحمود خان نے بتایا کہ پروگرام پانچ سالوں پر محیط ہوگا جس کے تحت قلیل المدتی، وسط المدتی اور طویل المدتی اقدامات اٹھائے جائیں گے، پروگرام کا مقصد صوبائی اور ملکی سطح پر پولٹری، دودھ اور گوشت کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا ہے- پروگرام کے ذریعے صوبے میں معیاری ڈیری پیداوار کو تجارتی پیمانے پر فروع دے کر لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان اقدامات پر مجموعی طور پر 67 ارب روپے کی تخمینہ لاگت آئے گی، چیف منسٹر اینٹگریٹڈ لائیو اسٹاک ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت 10 مختلف اقدامات تجویز کئے گئے ہیں، ان اقدامات میں پولٹری، گوشت اور دودھ کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے اقدامات کے علاوہ منہ کھر کی بیماریوں سے کے مؤثر تدارک کے اقدامات شامل ہیں، پروگرام کے تحت ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ڈیری اور پولٹری پیداوار میں اضافے کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ پروگرام پر عملدرآمد کے لئے قابل عمل اور حقیقت پسندانہ پلان تشکیل دیا جائے،جس پر بلاتاخیر عملدرآمد کے لئے انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی زراعت کا 70 فیصد لائیو اسٹاک پر مشتمل ہے اور اس شعبے کا براہ راست تعلق عام آدمی سے ہے، اسلئے صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے تمام وسائل فراہم کرے گی۔











