لاہور؛ الحمراء میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تصویری نمائش اور یکجہتی کشمیر واک کا انعقاد

29

لاہور، 05فروری(اے پی پی): الحمراء میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے  تصویری نمائش اور واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں فنکاروں نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔چیئرپرسن الحمراء منیزہ ہاشمی نے ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء ذوالفقار علی زلفی کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔

واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں یکجہتی کشمیر کے بینر اٹھا رکھے تھے اور کشمیر بنے کا پاکستان کے نعرے بھی لگائے۔نمائش میں آویزاں تصاویر میں آرٹسٹوں نے کشمیریوں کی جدوجہد، حصول آزادی کے لئے دی جانے والی قربانیوں کو نمایاں کیا۔

چیئرپرسن الحمراء منیزہ ہاشمی نے فنکاروں کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ  پوری قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں مے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء ذوالفقار علی ذولفی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی زبان و ادب اور تہذیب و ثقافت کی عظمت لاثانی ہے۔ہمارے لکھاری،سکالر،شاعر وادیب و آرٹسٹ کشمیریوں کی آواز کو پوری دُنیا میں بلند کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادی نعمت ہے،ہمیں اپنی آزادی کی قدر اور کشمیریوں کی آزادی کے لئے جدوجہد کرنی ہے۔الحمراء آرٹس کونسل کشمیری ثقافت کو اجاگر کرنے میں اپنا کلیدی کردار نبھا رہی ہے۔

سورس : وی این ایس ، لاہور