اسلام آباد ،28فروری (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ لوٹی ہوئی دولت پر پردہ ڈالنے کیلئے فوت شدگان کے اکاؤنٹس استعمال کئے گئے، شہباز شریف حساب دیں، بااثر طبقہ طاقت کے زور پر انصاف کے نظام کو مفلوج کرنیکی کوشش کر رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے پیر کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس میں کیا ۔فرخ حبیب نے کہاکہ شہبازشریف مختلف حیلوں بہانوں سے 9 بار التواء لے چکے ہیں،شہبازشریف اورآصف زرداری کے مقدمات میں تاخیر انصاف کی راہ میں رکاوٹ ہے ، ان کے کیسوں کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہیے،انصاف میں تاخیر انصاف کا قتل ہے۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہاکہ 7ارب کا ٹی ٹی کاکیس نیب میں چل رہا ہے، جب کسی طاقتور کو سزا ملے گی تو انصاف کا نظام مزید مضبوط ہوگا۔وزیر مملکت نے مزید کہاکہ فرد جرم عائد ہونی ہو تو نئی درخواستیں دائرہوجاتی ہیں ،وکیل تبدیل کرتے ہیں۔یہ سسلین مافیا اور گاڈ فادر ہیں، چوری نہیں کی تو ثبوت عدالتوں میں پیش کریں،شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ حمزہ اورسلمان شہباز کو کھلی چھوٹ دے رکھی تھی۔
وزیر مملکت نے کہاکہ ہم سے ساڑھے تین سال کا حساب مانگنے والے،سندھ کے 15سال کا حساب دیں۔ سندھ میں لوٹ مار کا بازار گرم،چوہے اربوں کی گندم کھا گئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے عوام کی آواز بنے گی،سندھ حقوق مارچ کو بڑی پذیرائی مل رہی ہے۔