محکمہ آبپاشی کی جانب سے بریفنگ،انڈس ریور سسٹم کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں،نمائندہ یو این ڈی پی کنوٹ اوسٹو

28

سکھر،10فروری(اے پی پی): یونائیٹڈ نیشن کے ڈولپمنٹ پروگرام کے پاکستان میں نمائندے کنوٹ اوسٹوبے نے اپنی اہلیہ عینی کرسٹائن اوسٹوبے کے ہمراہ سکھر بیراج کا دورہ کیا اور وہاں پر پانی کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔

 اس موقع پر سکھر بیراج کے چیف انجینئر سید سردار علی شاہ نے ان کو سکھر بیراج ،ان سے نکلنے والی نہروں اور محکمہ آبپاشی کے کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔

 بریفنگ کے دوران یو این ڈی پی کے نمائندے کنوٹ اوسٹوبے نے سکھر بیراج میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مختلف سوالات بھی کیے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یو این ڈی پی کے نمائندے کنوٹ اوسٹوبے نے کہاکہ اقوام متحدہ دنیا بھر میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے کوشاں ہے اور اقوام متحدہ زراعت کے حوالے سے بہت فکر مندہے کیونکہ زراعت کے ذریعے ہی دنیا میں غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہم انڈس ریور سسٹم کی بہتری اور ترقی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے پلان کا مطالعہ کررہے ہیں اور میرا یہ دورہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ستر فیصد آبادی کا انحصار زراعت اور انڈس ریور سسٹم پر ہے اس لیے اس کی ترقی کے لیے ہم وفاقی و صوبائی حکومتوں اور دیگر شراکت داروں سے بھی بات کریں گے کیونکہ زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے پانی بھی ایک اہم ضرورت ہے۔