مظفرگڑھ،15فروری (اےپی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹی دودھ کیخلاف بڑی کارروائی، 4ہزار2سو70 لیٹردودھ کی چیکنگ کی گئی جبکہ 630لٹرمضر صحت دودھ تلف کردیا گیا۔کارروائی غازی گھاٹ مظفرگڑھ میں ناکہ لگا کر کی گئی۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ ناکہ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پر لگایا گیا،جدید لیکٹو سکین مشین سے دودھ کے موقع پر ٹیسٹ کیے گئے۔تلف کئے جانے والے دودھ میں پانی اور کیمیکلز کی ملاوٹ کی گئی تھی، مضر صحت اور ملاوٹی دودھ شہر بھر میں مختلف ڈیری شاپس پر سپلائی کیا جانا تھا۔
رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کے خلاف صوبہ بھر میں گرینڈ آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام دودھ کا مفت ٹیسٹ کروانے کے لیے فوڈ اتھارٹی کے قریبی دفتر تشریف لائی اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فیس بک، ویب سائٹ یا ہیلپ لائن 080080500 پر اطلاع دیں۔











