معاون خصوصی ملک امین اسلم کا دورہ حضرو، لنڈا بازار کے متاثرین آتشزدگی سے ملاقات کی

11

اٹک،25 فروری ( اے پی پی ):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے  دورہ حضرو کے دوران  لنڈا بازار حضرو کے متاثرین آتشزدگی سے ملاقات کی، معاون خصوصی نے   تمام 30کھوکھے جلنےا ور نقصان پر متاثرین سے اظہار ہمدری کیا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور اے سی حضرو کو تخمینہ کیلئے ہدایات جاری کی ہوئی ہیں، مشکل کے اس وقت میں متاثرین کے ساتھ ہوں۔

ملک امین اسلم نے   کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ چلایا جائے گا، اس مقصد کیلئے اے سی حضرو زوہیب انجم کی نگرانی میں تحقیقاتی کمیٹی اپنا کام کررہی ہے ، انتظامیہ کی جانب سے تخمینہ رپورٹ فائنل ہونے پر حکومت متاثرین کی مالی مدد کرے گی۔

 اس موقع پر معاون خصوصی متاثرین میں گھل مل گئے اور لنڈا بازار یونین نے معاون خصوصی ملک امین اسلم کی آمد پر اظہار تشکر کیا۔اس موقع پر معاون خصوصی ملک امین اسلم کے کوآرڈینیٹر ملک ثمر عباس ، ڈاکٹر جاوید خان، میڈیا کوآرڈینیٹر عامر عتیق اور انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔