ملتان؛جماعت اسلامی  کے زیراہتمام گورنمنٹ علمدار کالج سے گھنٹہ گھر تک یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد

32

ملتان، 05 فروری (اے پی پی): جماعت اسلامی ملتان کے زیراہتمام گورنمنٹ علمدار کالج سے گھنٹہ گھر تک یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی میں بڑی تعداد میں نوجوان،بچہ،بزرگ شریک تھے ریلی میں خواتین نے  شرکت کی اور کشمیری ماؤں بہنوں اور بیٹیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

ریلی کے شرکاء سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کے علاوہ صدر ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب میاں آصف اخوانی نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ آج کراچی سے خیبر مکران اور گوادر سمیت ملک بھر میں پاکستان کی مائیں بہنیں بزرگ اور نوجوان کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ماؤں بہنوں بیٹیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملتان کی مائییں بہنیں نکلی ہیں۔جس پر میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں۔یو این او،مسلم حکمران اور پاکستان کے حکمران جس قدر راہ فرار اختیار کریں پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی پشت بان ہے۔کشمیر میں ایک طویل مدت سے آزادی کی جدوجہد جاری ہے لیا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیری اپنا حق مانگتے ہیں اقوام متحدہ سے قرار دادوں پر عملدرآمد مانگتے ہیں۔کشمیر کا مسئلہ ڈیڑھ کروڑ مسلمانوں کے عقیدے اور بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے۔ڈیڑھ لاکھ انسان شہید ہزاروں عزتیں پامال اور قیادت سلاخوں کے پیچھے ہیں۔نوجوان گرفتار ہوتے ہیں اور عقوبت خانوں میں زندگی بھر کے لیے بند کردیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ1947 میں پاکستان آزاد ہوا ہندؤں نے انگریزوں سے گٹھ جوڑ کیا۔میں بھارت سے کہنا چاہتا ہوں بھارتی قیادت بھارتی صحافیوں سے کہنا چاہتا ہوں ہندو نے انگریز سے گٹھ جوڑ کیا لیکن آج آگے بارود ہے تباہی ہے بھارتی قیادت کے تکبر نے اس پورے خطہ میں عالمی استعمار کے لیے ریڈ کارپٹ بچایا ہے۔

ریلی میں قائمقام امیر جماعت اسلامی ملتان چوہدری اطہر عزیز، ایوب مغل،صدر تاجر اتحاد سلطان محمود ملک،خواجہ صغیر کے علاوہ جے آئی لیبر اور جے آئی یوتھ کے نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔

سورس:وی این ایس، ملتان