ملتان، 05 فروری (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز موٹر وے پولیس سیکٹر1، M-5 کی طرف سے شیرشاہ ٹال پلازہ پر 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر منایا گیا اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی گئی، جس میں سیکٹر کمانڈر ایس پی رانا سرفراز احمد ہمراہ ڈی ایس پی لائن ہیڈ کوارٹر چوہدری مسرور علی ، ایڈمن آفیسر بیٹ-23 انسپکٹر راۓ ظہیر احمد ، پی آر او سیکٹر حسان ملک ،دیگر آفیسران و ملازمین اور روڈ یوزرز نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیکٹر کمانڈر رانا سرفراز احمد نے شرکاء سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر متنازع اقدام کر کے عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیری ہیں، بھارتی مظالم کشمیریوں کے جزبہ حریت کو نہیں دبا سکتے۔
ڈی ایس پی مسرور علی نے اس موقع پر سامعین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ہمارا اٹوٹ انگ ہے اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔
روڈ یوزرز نے بھی نعرے بلند کر کے کشمیر سے محبت کا اظہار کیا۔ سیکٹر کمانڈر ایس پی رانا سرفراز نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر تمام روڈ یوزرز میں کشمیر کے جھنڈے تقسیم کیے۔M-5 زون میں تمام ٹال پلازہ جات پر یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں بینرز آویزاں کیے گئے ہیں اور پاکستان اور کشمیر کے پرچم بھی لگائے گئے۔
تقریب کے آخر میں تمام شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے واک بھی کی ۔
سورس: وی این ایس،ملتان