ملتان، 10 فروری (اے پی پی ): سپیشل کوآرڈینیٹر وزیراعلی و چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد کی خصوصی ہدایت پرچائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ریسکیو آپریشن جاری ہیں، چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے گزشتہ 3 ماہ کے دوران 370 بچوں کو حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے۔
ترجمان چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے کہا دوران ریسکیو آپریشن شہر کے مختلف مقامات سے بھکاری، گھر سے بھاگے، گمشدہ، لاوارث، بے آسرا بچوں کو حفاظتی تحویل میں لیا گیا ہے، چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان میں 70 کے قریب لاوارث بے آسرا بچے رہائش پذیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ سپروائزر شفاعت ظفر کی زیر نگرانی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے ادارے میں رہائش پذیر اور ریسکیو کئے جانے والے بچوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، بچوں کو اچھی خوراک کی فراہمی، رسمی، غیر رسمی و دینی تعلیم کے ساتھ جسمانی صحت اور کھیل کود کا بھی خاص طور پر خیال رکھا جاتا ہے۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو ترجمان نے کہا کہ لاوارث بے آسرا بچوں کو کمپیوٹر کی تعلیم کے ساتھ ہنر مند بنانے کے لئے ٹیلرنگ کی کلاسز بھی دی جا رہی ہیں تاکہ یہ لاوارث بے آسرا بچے بھی معاشرے میں اپنا مفید کردار ادا کر سکیں اور ایک باعزت روزگار کما سکیں۔











