ملتان،18فروری(اے پی پی): ملتان آرٹس کونسل نے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ضلعی سطح کے مقابلے مکمل کر لیے۔ پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ثقافت کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کےلیے ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر موسیقی، دستکاری، مصوری، افسانہ نویسی، تھیٹر اور لوک رقص کے مقابلے کرائے جا رہے ہیں۔ ضلعی سطح پر پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ کے مقابلوں کا انعقاد ملتان آرٹس کونسل میں کرایا گیا جس میں طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
موسیقی کے مقابلے میں معذور طالبہ سمعیہ نذیر نے پہلی پوزیشن جبکہ حفصہ ندیم نے دوسری اور معراج علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی،دستکاری کا مقابلہ ماریہ اکرم کے نام رہا جبکہ عائشہ نسیم نے دوسری اور رابعہ نیئر بٹ نے تیسری پوزیشن حاصل کی،مصوری کے مقابلے میں ارم گل نے پہلی، عمائمہ نے دوسری اور کلثوم غفار نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ افسانہ نویسی کے مقابلے میں زیبا نور پہلے، علی عمار یاسر دوسرے اور ماریہ عارف جنجوعہ تیسرے نمبر پر رہیں۔ تھیٹر اور اصلاحی ڈرامے کے مقابلے میں حماد مغیرہ کی ٹیم نے پہلا، شعیب جاوید کی ٹیم نے دوسرا اور طاہر رشید کی ٹیم نے تیسرا انعام حاصل کیا۔ لوک رقص کے مقابلے میں عطاء اللہ ملتانی مرد میدان قرار پائے جبکہ محمد شریف جھمر پارٹی نے دوسری اور اعجاز حسین کی پارٹی تیسرے نمبر پر رہی۔
پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں ضلع کی سطح پر پوزیشن لینے والے نوجوان ڈویژنل سطح پر مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
سورس: وی این ایس،ملتان











