ملتان،23فروری(اے پی پی):ملتان پبلک سکول بوائز برانچ میں سجا شاندار رنگا رنگ سپورٹس گالا،کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے مشعل جلا کر سپورٹس گالا کا افتتاح کیا،ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں، ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد ہمراہ تھے۔
سپورٹس گالا میں ہر طرف رنگوں کی بہار، آسمان پر رنگ برنگے غبارے، پرندے اڑائے گئے اور طلباء نے فزیکل ٹریننگ، تائکانڈو، جمناسٹک کے مظاہرے پیش کئے گئے۔ کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نےطلباء، سکول انتظامیہ و اساتذہ، والدین کوخراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم نصابی سرگرمیوں سے بچوں کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آتی ہیں،آج کے تعلیمی دور کا انحصار صرف اچھے گریڈز پر ہے، گریڈز اہم مگر ہم نصابی سرگرمیاں بھی ناگزیر ہیں۔
کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ سکول کو نامور ادارہ بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہم نصابی سرگرمیاں طلباء و طالبات کی مستقبل سازی کیلئے ناگزیر ہیں،انفراسٹرکچر کی بہتری کیساتھ تدریسی و ہم نصابی نظام میں بھی جدت لائی گئی ہیں اور کہا بچوں کا اعتماد اور محنت دیکھ پر بہت خوشی ہوئی ہے۔ اس موقع پر پرنسپل ملتان پبلک سکول عظمی خان بھی موجود تھیں۔











