وزیراعظم کےدورہ چین سے پاک چین گہرے تعلقات کی وسعت میں مزید اضافہ ہوگا، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

37

اسلام آباد،03فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم کےدورہ چین سے پاک چین گہرے تعلقات کی وسعت میں مزید اضافہ ہوگا۔وزیراعظم عمران خان کی دورہ چین کے دوران چین کی مختلف کاروباری شخصیات اور بڑے سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں ہوں گی، چین سے کئی کاروباری اور صنعتی یونٹس  پاکستان منتقل ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہی۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آج اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ چین کے اہم دورہ پر روانہ ہو رہے ہیں، اپنے دورہ چین کے دوران وزیراعظم عمران خان چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے، صدر شی جن پنگ دو سال بعد کسی عالمی رہنما سے ملاقات کریں گے جو وزیراعظم عمران خان ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین کا مقصد سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی اور اس کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کا جذبہ خیرسگالی پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس  موقع پر 20 دیگر ممالک کے سربراہان بھی چین میں موجود ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی چین کے صدر اور وزیراعظم سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے علاوہ چین کے بڑے سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی طے ہیں۔ یہ  دورہ ہمالیہ سے اونچے اور بحیرہ عرب سے گہرے پاک چین تعلقات کی وسعت میں مزید اضافہ کرے گا۔