وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا

32

کوئٹہ،یکم فروری (اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں وزیراعلیٰ نے عوامی اقدامات کے تسلسل کو جاری رکھنے،صوبے میں یکساں ترقی اور خوشحالی کے عمل کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اور حکومتی امور کی بروقت انجام دہی کیلئے ہر پندرہ دن کے بعد صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں لینڈ ریکارڈ کو ڈیجیٹل طریقہ کار سے محفوظ بنانے، پٹوار کے نظام کو مرکز ِ سہولیات میں تبدیل کرنے کیلئے کابینہ نے لینڈ ریونیو ایکٹ 1967اور ای اسٹمپ رول 2021میں ترامیم کی منظوری دیدی جس کے تحت جو بھی شخص اراضی کی خریدوفروخت کرے گا وہ براہ راست مرکز سہولیات کی خدمات سے استفادہ کرسکے گا۔ کابینہ نے صوبے میں جنگلات کو تحفظ دینے، جنگلی حدود میں تجاوزات کے خاتمے جنگلات اور جنگلی حیات کی حفاظت کیلئے فورس قائم کرنے اور جنگلات اور جنگلی حیات کو نقصان پہنچانے والوں پر سزائیں اور جرمانے عائد کرنے کیلئے ڈرافٹ بلوچستان فاریسٹ ایکٹ 2021کی منظوری دیدی جو سابقہ فاریسٹ ایکٹ 1927اور بلوچستان فاریسٹ ریگولیشن 1890کی جگہ لیتے ہوئے پورے بلوچستان میں یکساں طور پر لاگو ہوگا۔ کابینہ نے بلوچستان سمندری ماہی گیری رولز 1971میں ترمیم کی منظوری کابینہ نے محکمہ مواصلات کے 361 معطل ملازمین کی بحالی کی اصولی منظوری ہرنائی زلزلہ متاثرین کی مدد, ائرپورٹ روڈ کی توسیع سمیت مختلف امور کی منظور دی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ حکومت تمام سرکاری محکموں میں بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کابینہ میں عوامی نوعیت کے فیصلے کئے جائیں گے جس کے نہ صرف صوبے کے عوام بلکہ مجموعی طور پر صوبے کی اجتماعی ترقی اور خوشحالی پر دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے ہی ہماری حکومت کی یہی کوشش رہی ہے کہ عوام دوست اقدامات اور عوامی نوعیت کے منصوبوں کے تسلسل کو بلا کسی تعطل و خلل جاری رکھتے ہوئے صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کی جائے۔