وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اب پاکستان درست ٹریک پر آچکا ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

27

لاہور، فروری 2 (اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں عمائدین اور معززین سے خطاب کرتے کہا کہ پنجاب حکومت ایک لاکھ 30 ہزار ملازمتوں پر بھرتیاں کرے گی- پہلے مرحلے میں ملازمتوں کی بھرتی کا اشتہار دیا جا چکا ہے – ملازمتوں کے لئے امیدواروں کو بالائی عمر میں 2 برس کی رعایت دی جائے گی- عمر میں 2 برس کی رعایت کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے –

عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث اپنی اصل منزل سے دور ہوا- وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اب پاکستان درست ٹریک پر آچکا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ساڑھے تین برس کے دوران صرف اور صرف عوام کی خدمت کی ہے -حکومت کے دامن پر کرپشن سکینڈ ل کا کوئی داغ نہیں میں اللہ تعالی اور عوام کو جوابدہ ہوں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر صحت وزیر اعلیٰ پنجاب حنیف پتافی نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار عاجزی اور انکساری کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہے ہیں –

پنجاب کے عوام خوش نصیب ہیں کہ انہیں عثمان بزدار جیسا عوامی خدمت سے سرشار وزیر اعلی ملا ہے – ترجمان پنجاب حسان خاور نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کو اس کا حق واپس کیا ہے – وزیر اعلی عثمان بزدار کا دور پسماندہ علاقوں کی ترقی کا دور ہے۔