وزیر مملکت اطلاعات و نشریات کاسمندری روڈ کا دورہ، نالہ کی فوری صفائی کی ہدایت

40

فیصل آباد  ۔13فروری  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اتوار کوسمندری روڈ کا دورہ کیا اور نالہ کی فوری صفائی کی ہدایت کی تاکہ بارشوں کے موقع پر کسی نا خوشگوار صورتحال کا سامنا نہ کرنے پڑے اور سیوریج کے پانی کا روانی کے ساتھ بہاؤ بھی جاری رہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی شہزاد اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے سمندری روڈ پر ریڑھی و چھابڑی لگانے والے عارضی دکانداروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی اور کم آمدنی والے افراد کو تمام ممکن سہولیات بہم پہنچانے کیلئے کوشاں ہے تاکہ ان کے مالی مسائل کو کم سے کم کیا جاسکے۔ انہوں نے انہیں فوری طور پر صحت کارڈ بنوانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اس سے وہ اور ان کے اہل خانہ10 لاکھ روپے تک کی یونیورسل ہیلتھ انشورنس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم وسائل لوگوں کیلئے احساس راشن پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی ممکن ہوسکے۔