فیصل آباد ۔13فروری (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اپنے حلقہ نیابت این اے۔108 کے علاقہ جھنڈاپیر روڈ وارث پورہ فیصل آباد کا دورہ کیا اور وہاں ان کی گرانٹ سے سیوریج لائن و سڑک کی تعمیر کے منصوبہ کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فیصل آبادعلی شہزاد اور دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے ٹھیکیدار اور اس کے عملہ کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ معیاری میٹریل کے استعمال پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام تعمیراتی و ترقیاتی کام بروقت مکمل کئے جائیں گے تاکہ لوگوں کی سہولیات میں اضافہ اور ان کے مسائل میں کمی ہوسکے۔بعدازاں وزیر مملکت وہاں موجود لوگوں اور کاروباری افراد میں گھل مل گئے اور ان سے ان کے مسائل دریافت کئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اور فیصل آباد کی تاریخ میں پہلی بار وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی پیکیج کے تحت13 ارب روپے سے شہر کی تمام اہم سڑکات و شاہرات سمندری روڈ، جڑانوالہ روڈ، جھنگ روڈ، شیخوپورہ روڈ، ستیانہ روڈ، سرگودھا روڈ جو ماضی کے حکمرانوں کے دور میں کھنڈر بن چکی تھیں کی تعمیر و مرمت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے حلقہ میں کروڑوں روپے کی لاگت سے سڑکات و سیوریج لائنز کی تعمیر جاری ہے اسی طرح جگہ جگہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے، پارکس کی رینو ویشن کی اور ڈسپنسریز تعمیر کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بنیادی سہولیات سے محروم سکولوں میں بھی سہولیات کی فراہمی جا ری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی اور کم آمدنی والے افراد کو تمام ممکن سہولیات بہم پہنچانے کیلئے کوشاں ہے تاکہ ان کے مالی مسائل کو کم سے کم کیا جاسکے۔ انہوں نے انہیں فوری طور پر صحت کارڈ بنوانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اس سے وہ اور ان کے اہل خانہ10 لاکھ روپے تک کی یونیورسل ہیلتھ انشورنس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم وسائل والے لوگوں کیلئے احساس راشن پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو تمام ممکن ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔بعدازاں انہوں نے محلہ فیروز شاہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے بعض ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔











