پبلک ویلفیئر کے تمام امور شاندار انداز میں انجام دیئے جائیں تاکہ علاقہ کے لوگوں کو ریلیف حاصل ہو؛ ایڈیشنل ڈپٹی بہاولنگر

36

بہاولنگر،23فروری( اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل  عبدالجبارگجر نے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت کے مطابق پبلک ویلفیئر کے تمام امور شاندار انداز میں انجام دیئے جائیں تاکہ علاقہ کے لوگوں کو ریلیف حاصل ہو۔

وہ آج یہاں اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر  ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ہیلتھ، سی ای او ایجوکیشن، چیف آفیسر ضلع کونسل، چیف آفیسرز میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل  عبدالجبارگجر  نے کہا کہ ضلع بھر میں موجود مین ہولز کے ڈھکنوں کی تنصیب، خراب سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور سیوریج لائن کی مرمت و دیکھ بھال کے کام فوری طور پر مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں آمد و چھٹی کے اوقات میں طلبا و طالبات کو سڑک عبور کرانے کے لئے متعلقہ سکولوں میں سٹاف نگرانی کے لئے مامور کیا جائے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ بس اسٹینڈز پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ وائٹ واش کے کام اور مسافروں کے لئے بیٹھنے کا مناسب انتظام بھی کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری عمارتوں پر وائٹ واش اور پینٹ کے کام جلد مکمل کئے جائیں۔ نیز علاقہ میں موجود پلے گراؤنڈز اور گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کے کام میں مذید بہتری لائی جائے ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ ضلع بھر میں موجود پرانے پلوں کی مرمت اوردیکھ بھال سمیت کوڑاکرکٹ بھی مناسب طریقہ سے تلف کیا جائے۔ انہوں نے   کہا کہ ضلع بھر میں بل بورڈز کی تنصیب درست طریقہ سے کی جائے اور حکومت کی ہدایت کے مطابق وال چاکنگ کے خاتمہ سمیت واٹر ٹینکس کی صفائی اور کلورینیشن کے کام بھی بروقت کئے جائیں۔

 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں نکاس آب کے کام بہتر طریقے سے بروئے کار لائے جائیں اور پانی ایک جگہ نہ ٹھہرنے دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں موجود ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت کے اندر اور باہر صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بہاولنگر نے ہدایت کی کہ اوورلوڈنگ اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور ٹریفک آمد و رفت میں رکاوٹ بننے والے یوٹیلیٹی پولز کو بھی مناسب جگہوں پر نصب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے صفائی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جائے اور پبلک ویلفیئر کے امور انجام دینے کے لئے متعلقہ محکموں کے افسران اپنا کردار ادا کریں۔