چنیوٹ،22 فروری (اے پی پی ): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرکیپٹن(ر)محمد عامر خان نیازی کی ہدایت پر ضلع بھر میں پولیس کا پتنگ بازی کا سامان فروخت کرنے والوں،پتنگ بازی کا سامان بنانے والوں،پتنگ بازی کرنے والوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ضلع بھر میں گزشتہ 48گھنٹوں میں 18مقدمات درج کرکے مختلف علاقوں سے 18پتنگ بازوں کو دھرلیاگیا۔ملزمان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں پتنگیں،دھاتی ڈور برآمد کرلی گئی۔
ملزمان میں گلشیر،سرور،عنصر،راشد،بشیر،عبداللہ،مزمل،صابرمہدی،اشرف،شاہ زیب ،ظفر ،عدنان ،واجد ،ارباب ،افضل ،توصیف،واجدشامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں پتنگیں اور دھاتی ڈور برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان کیخلاف کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت مختلف تھانہ جات میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر)محمد عامر خان نیازی نے فیلڈ افسران کو سختی سے ہدایات جاری کیں ہیں کہ پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مانیٹرنگ کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔جس فیلڈ افسر کے علاقہ میں پتنگ بازی کا وقوعہ ہوا وہ فیلڈ افسر جواب دہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی جان لیوا کھیل ہے جس کی وجہ سے کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔
ڈی پی او نے افسران کو ہدایت کی کہ پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے بھرپور آگاہی مہم شروع کی جائے،مساجد میں اعلانات کروائے جائیں اور سول سوسائٹی کی مدد سے لوگوں میں پتنگ بازی کے نقصانات سے متعلق شعور اجاگر کیاجائے، پتنگ بازی کھیل نہیں بلکہ قابل سزا جرم ہے، والدین اپنے بچوں کو اس طرح کے اقدامات سے روکیں۔











