چنیوٹ: پولیس کی بڑی کارروائی،دوہرے قتل کا معمہ حل،سیریل کلر گرفتار

37

چنیوٹ،01 فروری(اے پی پی ):  پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دوہرے قتل کا معمہ حل کر دیا اور قتل میں ملوث سیریل کلر کو گرفتار کر لیا ہے۔

ڈی ایس پی سٹی مظہر احمد گوندل نے تھانہ صدر چنیوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  بتایا کہ تھانہ سٹی پولیس نے دوہرے اندھے قتلوں کا معمہ حل کرلیا۔دو ماہ قبل تھانہ سٹی پولیس کوچک جھمرہ کے رہائشی لیاقت نامی شہری کے اغواء کی اطلاع ملی،ڈی پی او چنیوٹ کیپٹن(ر)بلال افتخار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ سٹی پولیس کو مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ کیپٹن(ر)بلال افتخار کی ہدایت پر ڈی ایس پی سٹی مظہر احمد گوندل کی زیرنگرانی ایس ایچ او سٹی انسپکٹر اعجاز عمران کی زیرقیادت ملزم کی تلاش،گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔پولیس ٹیم نے پیشہ وارانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی،ہیومن انٹیلیجنس سمیت تمام وسائل بروئے کارلاتے ہوئے اندھے قتل کے ملزم کو ٹریس کرلیا اور اندھے قتل میں ملوث ملزم توصیف اختر ولد خان قوم کمہار سکنہ چک جھمرہ کوچنیوٹ سے گرفتارکرلیاگیا ہے۔

ملزم توصیف نے بائی پاس پر ہوٹل بنایا ہواتھا،مقتول لیاقت ملزم توصیف کے ہوٹل پر آتارہتاتھا۔ملزم توصیف نے پیسوں کے لالچ میں لیاقت کو فائرنگ کرکے قتل کردیااورنعش سیم نہر میں پھینک دی۔ملزم توصیف کی نشاندہی پر مقتول لیاقت کی نعش سیم نہر جھمرہ روڈ سے برآمدکرلی گئی ہے۔

دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم توصیف اختر سیریل کلر ہے اس سے قبل ملزم توصیف نے فیصل آباد کے علاقہ ملت ٹاؤن سے عبداللہ نامی شہری کو اغواء کرکے تھانہ صدر چنیوٹ کے علاقہ میں لاکر رکشہ،نقدی چھین کر  قتل کردیا تھا جسکا مقدمہ درج ہے۔تھانہ سٹی پولیس نے ملزم کے انکشاف پر مسروقہ رکشہ بھی برآمدکرلیاہے۔ ملزم نے اپنی بھابھی کے گھر چک جھمرہ میں ڈکیتی کی واردات کروائی اور اسکی بھابھی کو فائر بھی لگے جس کا مقدمہ تھانہ جھمرہ میں درج ہے۔ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہ،ے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ کیپٹن(ر)بلال افتخار نے پیشہ وارانہ مہارت سے اندھا قتل ٹریس کرنے پر ایس ایچ او سٹی انسپکٹر اعجاز عمران و ہمراہی ٹیم کیلئے تعریفی سرٹیفکیٹس اور انعامات کا اعلان بھی کیا۔