ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا احساس ادائیگیوں میں ناجائز کٹوتیاں کرنے والے ایجنٹوں کیلیئے وڈیو پیغام، سخت کارروائی  کی تنبیہ

12

اسلام آباد۔14فروری  (اے پی پی):حکومت پاکستان نے یکم فروری2022 سے  احساس کے پیسے12ہزار سے بڑھا کر13 ہزار کر دیے ہیں۔اس پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس ادائیگیوں کے ایجنٹس کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے کہ اہل خواتین اب احساس کفالت کے پیسے لینے جائیں تو گن کر پورے 13ہزار لیں۔ دھوکہ باز عناصر کو خبردار کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ شراکتی بینکوں کے ایجنٹ اور نامزد دکاندار خواتین کے پیسے نہیں کاٹ سکتے،جو دکاندار خواتین کے انگوٹھے لگوا کر کہتے ہیں کہ پیسے لینے کل آؤ ان کے خلاف کاروائی ہوگی۔انہوں نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ کسی نے جعلی انگوٹھوں کا استعمال کیا یا کسی کے پیسے کاٹےتو حکومت ان سے سختی سے نمٹے گی۔

 واضح رہے کہ احساس کفالت کی ادائیگیاں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد میں حبیب بینک کےنامزد ایجنٹس اور خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بینک الفلاح کے ایجنٹس کے ذریعے ہوتی ہیں۔