ڈاکٹر پروین رند مظلوم خواتین کی آواز ہیں ، رکن قومی اسمبلی صائمہ ندیم اور لالہ چند ملہی کی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو

47

اسلام آباد۔15فروری  (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی صائمہ ندیم  اور پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق لال چند ملہی نے منگل کو پی آئی ڈی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر پروین رند مظلوم خواتین کی آواز ہیں۔ رکن قومی اسمبلی صائمہ ندیم نے کہا  کہ سندھ میں خواتین کے ساتھ جو واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں ان پر آواز اٹھانے کیلئے آئی ہوں ، سندھ میں مافیا خواتین کو گھنائونے انداز میں ہراساں کرتا ہے ، ہم بچیوں کو ہاسٹل میں اس لئے نہیں بھیجتے کہ ان کو ہراساں کریں اور پھر خودکشی کے نام پر ان کی لاش کمرے میں لٹکا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ  سندھ حکومت خاموش ہے کہ ڈاکٹر پروین رند کو سکیورٹی نہیں فراہم کی جا رہی ، سندھ حکومت سے کہتے ہیں کہ ڈاکٹر نورین اور نمرتا کے کیسز بند پڑے ہوئے ہیں ، سندھ حکومت فوری طور پر جے آئی ٹی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ سکھر کے دھرنے کے بعد اب اگر سندھ حکومت حرکت میں نہیں آتی تو ہم ہر شہر ہر علاقے میں دھرنا دیں گے، کراچی، حیدرآباد میں خواتین سڑکوں پرآ کر سندھ حکومت کے خلاف دھرنےدیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور ہائی کورٹ اس حوالہ سے فوری انصاف فراہم کرے تاکہ وہاں جو خود کشی کے واقعات ہوتے ہیں انہیں روکا جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں شہری محفوظ نہیں ہیں اس حوالہ سے نوٹس لیا جانا چاہئے۔