سیالکوٹ۔5فروری (اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے اُمور نوجواناں عثمان ڈار، ڈپٹی کمشنر عمران قریشی اور ڈی پی او حسن اقبال نے کامیاب جوان سپورٹس پروگرام کے تحت گورنر ہاؤس لاہور سے سیالکوٹ تک خواتین اور بوائز کے سائیکل ریسز کے فاتحین کا کچہری چوک سیالکوٹ میں استقبال کیا اور ان میں کیش انعامات ، ٹرافیز اور اسناد تقسیم کئے ۔ اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ محمد مرتضیٰ، سی او میٹروپولٹن کارپوریشن زبیر وٹو سمیت ضلعی ایڈمنسٹریشن کے مقامی حکام اور پاکستان تحریک انصاف کے مقامی عہدیداران بھی موجود تھے ۔ معاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے اُمور نوجواناں عثمان ڈارنے کہاکہ 5فروری کو شہر اقبال ؒ میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کی مختلف تقریبات کا انعقاد کیاگیا۔کامیاب جوان سپورٹس پروگرام کے تحت 12مختلف کھیلوں میں ملک بھر کے کھلاڑیوں اور اتھلیٹس نے حصہ لیا جس سے نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آیا جو ناصرف ملک کی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائے گا بلکہ ان کو انٹرنیشنل مقابلہ جات میں بھجوائیں گے جہاں پر یہ ملک و قوم کا نام روشن کریں گے ۔ ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے کہاکہ سپورٹس انسانی شخصیت پر گہرے مثبت اثرات مرتب کرتی ہے ۔ اس کی بدولت انسان میں جہد مسلسل کا جذبہ پروان چڑھتا ہے اور انسان کو اپنی ناکامیوں کو کامیابیوں کو بدلنے کا ہنر ملتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر خوش آئندہ ہے کہ ملک میں کامیاب جوان جیسا انقلابی پروگرام کا اجراءہوچکاہے جس سے استفادہ حاصل کرنے کے جوان اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کرسکتے ہیں۔ ڈی پی اوسیالکوٹ حسن اقبال نے کہاکہ کھیلوں کو ملکی سطح پر وسیع پیمانے کا انعقاد خوش آئندہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے کرکٹ ، ہاکی ، سکواش اورسنوکر میں بین الاقوامی ٹورنامنٹ جیتے اور اب پاکستان سائیکلنگ اور فٹبال جیسے کھیلوں میں بھی اپنا نام اور مقام پیدا کرے گا ۔











