راولپنڈی،5فروری (اے پی پی):پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں یوم یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں کمشنر راولپنڈی نورالامین مینگل، رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق، رکن صوبائی اسمبلی فرح آغا، مقامی سیاسی قیادت اور ڈویژنل و ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔
مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے گئے،کشمیری نغمے اور ٹیبلوز بھی پیش کئے گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی مقبوضہ کشمیر کی عوام سے والہانہ محبت رکھتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم نے بھارت کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ اور اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔
رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر جاندار انداز میں اجاگر کیا ہے۔یاسین ملک سمیت مقبوضہ کشمیر کی قیادت لال حویلی آتی رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کا کہنا تھا کہ آج پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے، آج کی نوجوان نسل بھی کشمیری عوام کی آزادی کیلئے پرجوش ہے۔
تقریب میں طالب علموں، اساتذہ، فنکاروں، وکلاء سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔
سورس:وی این ایس، راولپنڈی











