کسی بھی خطے میں ترقی اور خوشحالی امن کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔ امریکی قونصل جنرل

48

ملتان۔16فروری  (اے پی پی):امریکی قونصل جنرل مسٹر ولیم کے میکانیول نے کہاہے کہ یو ایس قونصلیٹ جنوبی پنجاب سے غربت کے خاتمے کے لئے  اپنا کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی خطے میں ترقی اور خوشحالی امن کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔پاکستان اور امریکہ مشترکہ مفادات کے لئے تعاون جاری رکھیں گے۔یو ایس قونصل جنرل مسٹر ولیم کے میکانیول  نےایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفرسے  ان کے آفس میں  ملاقات کی۔پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف امریکن قونصلیٹ لاہور کیتھلین گبیلسکو اور جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز بھی ملاقات میں موجود تھے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نےکہا کہ جنوبی پنجاب کاخطہ زرعی اور معاشی  حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہاں تاریخی ورثہ کی وجہ سے سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ جنوبی پنجاب ملکی پیداوار کا 98 فیصد آم اور 93فیصد  کپاس پیدا کرتا ہے،یہاں کی آبادی 3کروڑ47 لاکھ نفوس پر مشتمل یے اور اس خطے کی58 فیصد لیبر زراعت سے وابستہ ہے جبکہ۔9فیصد آبادی کو پینے کے صاف پانی اور59 فیصد کو سیوریج کی سہولت حاصل ہے۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نےمزید بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اس خطے کی ترقی کے لئے انقلابی کردار ادا کرے گا اور خطے  کی عوام کو ملازمت کے مواقع فراہم کرکے بے روزگاری میں کمی لائی جائے گی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے لئے علیحدہ بجٹ مختص کردیا گیا ہے جو صرف اس خطے میں خرچ ہو گا۔اب جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اپنے مسائل کے حل کے لئے لاہور نہیں جانا پڑتا۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مالی اور انتظامی اختیارات دے دئے گئے ہیں۔ سیکرٹریز کی مانیٹرنگ  سے محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے  یو ایس قونصل جنرل کو جنوبی پنجاب کا سوینئیر بھی پیش کیا۔سیکرٹری سکولز اینڈ ہائر ایجکوکیشن ڈاکٹر احتشام انور، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر تنویر اقبال تبسم،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عامرعقیق اور ایڈیشنل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ ایجوکیشن  امجد شعیب ترین بھی ملاقات میں موجود تھے۔