حیدرآباد، 8 فروری (اے پی پی): کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن نے آج قائد آباد مدینہ پارک ، لیاقت کالونی یونین کونسل 10 میں ماں اور بچے کی صحت کا کیمپ کے عنوان سے لگایا گیا میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایکٹنگ پروونشل کوآرڈینیٹر برائے انسداد پولیو احمد علی شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ/ ڈی ٹی ایف کوآرڈینیٹر ثناءاللہ رند، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لالا جعفر ، ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے فوکل پرسن ڈاکٹر جمشید خانزادہ اور دیگر متعلقہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع کمشنر حیدرآباد نے کہا ہے کہ میڈیکل کیمپ میں کوویڈ ویکسینیشن کی دو خوراکوں کے علاوہ بوسٹر ڈوز لگوانے والوں کو بوسٹر ڈوز ضرور لگائی جائے اور انسداد پولیو مہم میں کسی بھی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں جبکہ ایسے بچے جن کے والدین قطرے پلوانے سے انکاری ہیں انہیں آمادہ کیا جائے اور آگاہی دی جائے کہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانا کتنا ضروری ہے۔











