لاہور، 9 مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزراء سید سعیدالحسن شاہ، شوکت لالیکا، اراکین پنجاب اسمبلی امجد محمود چوہدری، افتخار گوندل، فتح خالق بندیال اور میجر (ر) محمد لطاسب ستی نے ملاقات کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا سیاسی افرتفری پھیلانے کا ایجنڈا عوام کے سامنے ہے۔اپوزیشن کا ساڑھے تین سالہ ریکارڈ ملکی مفادات سے متصادم رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر منفی سیاست کے ذریعے قومی مفادات کو نقصان پہنچایا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کے مفاد کے خلاف کام کرنا حب الوطنی نہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو مقدم رکھا ہے۔ اپوزیشن کی منفی سیاست کا مقصد اپنی کرپشن کو بچانا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پے در پے ناکامیوں کے بعد اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں بھی شکست ہوگی۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔











