پاراچنار،13 مارچ (اے پی پی ):مجلس وحدت المسلمین کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ان کے منتخب اراکین پسماندہ قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے بے لوث خدمات انجام دیں گے اور عوام کو ان کے جائز حقوق دلائیں گے ۔
اتوار کو یہاں پریس کانفرنس اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلسِ وحدت المسلمین کے رہنما اور تحصیل چیئرمین شپ کے امیدوار علامہ مزمل حسین ، علامہ سید نصرت علی شاہ ، علامہ رؤف حسین مہدوی ، محمود علی جان ، شفیق حسین مطہری ، زاہد حسین اور دیگر مقررین نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے موقع پر شہری اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کریں اور اپنے علاقے کی ترقی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے ایم ڈبلیو ایم کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔
علامہ مزمل حسین کا کہنا تھا کہ عوام طویل عرصے سے اپنے حقوق اور علاقہ ترقی سے محروم ہے اس لئے وہ تحصیل چیئرمین کا انتخاب لڑ رہے ہیں ۔ان کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمارے پسماندہ علاقے بھی ترقی کریں اور اس اہم مقصد میں کامیابی صرف ایم ڈبلیو ایم کی کامیابی ہی سے ممکن ہے۔
تقریب میں کثیر تعداد میں قبائلی عمائدین کے ساتھ علمائے کرام نے بھی شرکت کی۔
سورس:وی ا ین ایس، پاراچنار