جام عبدالکریم کو اسلام آباد پہنچتے ہی گرفتار کرکے سندھ پولیس کے حوالے کریں؛  گورنرسندھ کا ڈی جی ایف آئی کو خط

17

کراچی،26مارچ  (اے پی پی):گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ڈی جی ایف آئی  اے کو خط لکھا ہے کہ جام عبدالکریم کو اسلام آباد پہنچتے ہی گرفتار کرکے سندھ پولیس کے حوالے کردیں، جام عبدالکریم ایک گھناونے قتل کے الزام میں مطلوب ہے، عدالت انہیں ڈھونڈ رہی ہے اور وہ پاکستان سے مفرور ہے ،ان حالات میں ہم کسی بھی طرح کسی ملزم کو ایسے نہیں چھوڑ سکتے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطوں کے وئیب سائیٹ ٹوئیٹر پر جاری ویڈیو بیان میں کیا ہے ۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ جام عبدالکریم ناظم جوکھیو کے قتل میں مطلوب ہے ، عدالت سے مفرور ہے  اور دبئی  میں مقیم ہے ۔ انہوں  نے کہا ہے کہ میں نے سنا ہے کہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے وہ آنے کی تیاریاں کررہے ہیں ۔

 عمران اسماعیل نے  کہا ہے کہ میں نے آج ڈی جی آیف آئی کو خط لکھا ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی کریں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ڈی جی ایف آئی اے سے کہا ہے کہ ملزم جام عبدالکریم جوکھیو کا نام صوبائی قومی شناختی فہرست میں فوری درج کیا جائے۔ ملزم جام عبدالکریم جوکھیو تھانہ میمن گوٹھ، ضلع ملیر میں ایف آئی آر 457/2021 میں نامزد ہے۔

ایف آئی اے کو لکھے گئے خط کے مطابق، یہ قدم وسیع تر عوامی مفاد میں اٹھایا جا رہا ہے۔اس قدام کا مقصدمتعلقہ عدالت میں اس کی موجودگی کو یقینی بنانا ہے۔ ملزم مذکورہ قتل کیس میں مفرور ہے اس لیے فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔

سورس:وی این ایس، اسلام آباد