ملتان، 05 مارچ (اے پی پی )؛ معروف سماجی دانشور و چیف ایگزیکٹو آواز سی ڈی ایس ضیاء الرحمن نے کہا ہے کہ خواتین ہمارے معاشرے کا وقار ہیں، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہراول دستے کا کردار ادا کررہی ہیں، خواتین کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرکے ہم ایک بہتر اور سازگار ماحول تشکیل دے سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعور ترقیاتی تنظیم، آوازفاؤنڈیشن اور پاکستان ڈویلپمنٹ الائنس کے اشتراک سے خواتین کے عالمی دن کی تقریبات کے سلسلے میں خواتین کانفرنس و فیسٹیول سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ضیاء الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے بہتر معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے کہ ان کو تعلیم دلائی جائے، وراثت میں سے حصہ لازمی دیا جائے اور کم عمری کی شادیوں کی روک تھام کے ساتھ ساتھ خواتین باہم معذوری کو زندگی بسر کرنے کیلئے وہ تمام تر سہولتیں مہیا کی جائیں جن کا وہ حق رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین سے وابستہ قوانین پر عملدرآمد کو سو فیصد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان میں سماجی اداروں کی جانب سے خواتین کیلئے ہفت روزہ تقریبات کا انعقاد حوصلہ افزاء ہے، اس طرح کی سرگرمیاں جاری رکھنے سے نہ صرف شعور اجاگر ہوگا بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کی راہیں بھی کھلیں گی۔
چیئرمین دارالامان شاہد محمود انصاری، فوکل پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو آصفہ سلیم ملک، چیف کوآرڈینیٹر سول سوسائٹی فورم ملتان گلناز کاشف اور شمائلہ ایاز شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پر تشدد کا خاتمہ اور خواتین کی عزت و احترام کے حوالے سے رویوں کو پروان چڑھانا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ ہماری سماجی تنظیمیں خاص کر شعور ترقیاتی تنظیم، سول سوسائٹی فورم ملتان اور آواز فاؤنڈیشن اس سلسلے میں جہد مسلسل پر عمل پیرا ہیں۔
جنرل سیکرٹری سی ایس ایف چودھری منصور احمد ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری سی آر سی میاں وقاص فرید قریشی، وائس پریذیڈنٹ سی ایس ایف ملک محمد یوسف، وائس چیئرمین سی ایس ایف اقبال خان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو معاشرے میں باوقار مقام کی فراہمی کیلئے مردوں کو کھلے دل کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور دین اسلام کے مروجہ اصولوں کے مطابق خواتین کو ان کا حق دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس دور جدید میں اب یہ کسی صورت ممکن نہیں کہ خواتین پر منفی رویے تھونپ دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کا ہر فرد باشعور ہوچکا ہے لیکن خواتین کے معاملے پر تنگ نظری کا خاتمہ اور خواتین کی رائے کے احترام کے رویوں کو بھی مزید تقویت دینا ہوگی۔
تقریب میں طالبات نے خواتین کے حقوق سمیت دیگر اہم عنوانات پر سبق آموز ٹیبلوز پیش کئے۔ بعد ازاں خواتین و طالبات میں انعامات و تحائف تقسیم کئے گئے۔
سورس:وی این ایس، ملتان











