دیپالپور،18 مارچ(اے پی پی): تھانہ صدر پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے اور کار سوار فیملی کو گرفتار کرکے 32کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی ہے۔ ملزمان میں دو خواتین سمیت چار افراد شامل ہیں۔
اے ایس پی دیپالپور سرکل اویس خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دیپالپور کے تھانہ صدر پولیس نے مخبر کی اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے قصور ملتان روڈ پر کارسوار فیملی کو روک کر گاڑی کے خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں چرس برآمد کر لی ہے۔ ملزمان میں دو خواتین سمیت چار افراد شامل ہیں، کار سوار فیملی میں شیخوپورہ کے رہائشی میاں بیوی امانت اورشکیلہ جبکہ ہمسائی شکیلہ بھی شامل ہیں جن کے قبضہ سے 24کلو گرام چرس جبکہ انکی نشاندہی پر فخر نامی ملزم سے 8کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی ہے۔
اویس خان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور یہ آپریشن بلا تفریق جاری رہے گا۔











