راولپنڈی ، 06 مارچ(اے پی پی ): سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے مابین راولپنڈی ٹیسٹ پاکستان کے لیے تاریخی دن ہے،پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی ہے اور خوشیاں واپس آئیں ہیں، غیر ملکی صحافی پاکستان کا مثبت ذمیج لے کر گھر واپس جائیں گے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا باکس کے دورہ کے دوران آسٹریلین صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ کرکٹ کا اصل مزہ شائقین کی بدولت ہی آتا ہے، پاکستان کے دشمن نہیں چاہتے کہ پاکستان میں کرکٹ کی رونقیں بحال ہوں،انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سے شرارتی لوگوں کو بھی پیغام جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بےپناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، بس مواقع دینے کہ ضرورت ہے،کھیلوں کے لیے گراونڈ بہت ضروری ہیں ، ہم مزید گراونڈز بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دیگر کھیلوں کے اندر بھی لیگ سسٹم بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن ڈیسپیریٹ لوگوں پر مشتمل ہے اور چوتھی بار ناکام ہوں گے،اپوزیشن تحریک عدم اعتماد نہیں لا پائے گی بلکہ وزیراعظم عمران خان پر مزید اعتماد بڑھےگا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سرکس ہے، یہ اکڑ بکڑ بمبے بو کھیل رہے ہیں۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد











