رحیم یار خان،05 فروری (اے پی پی):کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن(ر)ظفر اقبال نے ڈپٹی کمشنر آفس کا سرپرائز دورہ کیا ، ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسران اور عملہ کی دفاتر میں حاضری کو چیک کیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر کے ہمراہ دیگر دفاتر کا دورہ بھی کیا۔ کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر آفس رحیم یار خان کا بھی سرپرائز دورہ کیا ،اسسٹنٹ کمشنرکی غیر موجودگی پر شوکاز نوٹس اور کارروائی کرنے کی ہدایت کی ۔
ڈویژنل کمشنر نے عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر آفس کا تمام سٹاف معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے،انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے سروسز کے معیار کا جائزہ لیا،اراضی ریکارڈ سنٹر میں بد نظمی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے عملہ اور اے ڈی ایل آر کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) بیرسٹر بلال سلیم کو اراضی ریکارڈ سنٹر میں بیٹھ کر عوامی شکایات و مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔
کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کہا کہ عوام کے سرکاری دفاتروں میں عزت و تکریم کے ساتھ مسائل حل کرنے میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کے احکامات پر چیف سیکرٹری پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ تمام افسرا ن مقررہ وقت پر دفاتر میں پہنچیں،چیف سیکرٹری کی ہدایت ہے کہ ضلعی و تحصیل افسران صبح دو گھنے عوام سے براہ راست ملاقات کے لئے وقف کریں۔
کیپٹن(ر)ظفر اقبال نے واضح کیا کہ وقت پر دفتر نہ آنے والے افسران و عملہ کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی،بد عنوانی میں ملوث عملہ کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔
سورس:وی این ایس، رحیم یار خان











