اسلام آباد،20مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہےکہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کو دنیا سے جوڑے گا اور مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔
اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے معاہدہ اور تصفیہ صوبے کے وسائل اور مقامی لوگوں کے مفادات کا تحفظ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اب سرمایہ کاری، تعمیر اور ترقی کا میدان بنے گا۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کی محرومی اور پسماندگی کے مروجہ احساس کا خاتمہ کرے گا اور یہ گیم چینجر اقدام ہوگا، ریکوڈک کے کئی ارب ڈالر کے تانبے اور سونے کے منصوبے کے حوالے سے فیصلے میں دس سال کی تاخیر نے سرمایہ کاروں اور آنے والی نسلوں کو نقصان پہنچایا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ قیادت کا کام فیصلے کرنا ہے اور لوگوں کو خوشحال اورمستقبل کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو اس منصوبے میں بغیر کسی سرمایہ کاری کے 25 فیصد براہ راست شیئرز دینا ایک تاریخی کامیابی ہے۔نئے معاہدے کے مطابق بارک گولڈ 50 فیصد حصہ اپنے پاس رکھے گا جب کہ حکومت بلوچستان کو 25 فیصد حصہ ملے گااور باقی 25 فیصد حص او جی ڈی سی ایل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل)اور گورنمنٹ ہولڈنگز پاکستان (جی ایچ پی ایل)کو دیا جائے گا۔