سکھر،09مارچ (اے پی پی):خواتین کے عالمی دن کے موقع پر چیئرمین نادرا طارق ملک کی خصوصی ہدایات اور ڈی جی نادرا کرنل (ر) سہیل محمود کی زیر نگرانی صنفی امتیاز ختم کرو “Break the Bias” کے ویژن کو عملی جامعہ پہنانے کے لئے ملک بھر میں 8سے 14مارچ کے دوران خواتین کی قومی رجسٹریشن کی خصوصی مہم کا آغاز کردیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈی جی نادرا سکھر کرنل (ر) سہیل محمود کی زیر نگرانی خواتین کی رجسٹریشن میں مزید تیزی لانے کے لئے ریجن میں خصوصی اقدامات پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے، جس میں تمام نادرا سینٹرز پر50فیصد کاؤنٹر خواتین کے لئے مختص کیے گئے ہیں جہاں خواتین عملہ ہی خواتین کی رجسٹریشن کریں گی، خواتین عملے پر مشتمل نادرا موبائل دین بھی شروع کردی گئی ہے۔
اس سلسلے میں خواتین کی رجسٹریشن بڑھانے کے لئے نادرا سکھر ریجن کے مختلف اضلاع جیکب آباد ، گھوٹکی اور نوابشاہ میں این جی اوز کے تعاون سے مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا جہاں دور دراز علاقوں سے آئی ہوئی خواتین کی موبائل وین پر رجسٹریشن بھی کی گئی تاکہ خواتین کے شناختی کارڈ بناکر ان کو قومی دھارے میں شامل کیا جاسکے۔











