سیالکوٹ، 4مارچ( اے پی پی ): سیالکوٹ میں پنجاب ریونیو اتھارٹی سب آفس کا افتتاح کردیا گیا ہے ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر پالیسی / کمشنر پی آر اے گوجرانوالہ ڈاکٹر جاوید اقبال شیخ نے کہا کہ گذشتہ 2 سال سے پنجاب ریونیو اتھارٹی نے صوبہ سے170 ارب روپے کی ریکارڈ ریکوری کی، 2012 میں سیل ٹیکس کی کلیکشن ایف بی آر کے ذمہ تھی جو پورے پاکستان سے مجموعی طور پرصرف 22 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کرتا تھا اوراب صرف پنجاب سے 170 ارب روپے کی ٹیکس کلیکشن اس بات کی غمازی ہے کہ ٹیکس دہندہ کو اس بات پر قائل کرنا ہے کہ اس کے ذمے جائز ٹیکس بنتا ہے ۔
ڈاکٹر جاوید اقبال شیخ نے کہا کہ گذشتہ 2سال میں بغیر کسی انفورسمنٹ ایکشن اور ایف آئی آر درج کر وائے ، 25 سروسز پر ٹیکس کی 9 فیصد تک چھوٹ اور کورونا کے باجود ٹیکس کلیکشن میں 61 ارب روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔اس کی بنیادی وجہ ٹیکس دہندہ کا اعتماد، آگاہی اور تربیت ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں پی آر اے کے 400 ٹیکس پیئر کو اس ضمن میں تربیت فراہم کی گئی ہے ،یہ دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔
تقریب سے خطاب میں سابق صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایسوسی ایشن آفتاب حسین ناگرہ،صدر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میاں عمران اکبر، صدر سیالکوٹ ٹیکس ایسوسی ایشن شکیل احمد خان، نائب صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی حاجی عبدالروف قیوم،جنرل سیکرٹری سیالکوٹ ٹیکس بار امجد علی اور سینئر پارٹنر پی کے ایف زیڈ اے ناصر نے سیالکوٹ میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کے آفس کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پی آر اے نے فرینڈلی ٹیکس کلیکشن کی روایت کی بنیاد رکھی۔
ایڈیشنل کمشنر پی آر اے گوجرانوالہ زکاءاللہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کا پہلا سب آفس ہے۔ پہلے کمشنریٹ آفس صرف ڈویژن کہ سطح پر تھے۔انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ میں گذشتہ ایک سال میں پی آر اے فائلر زکی تعداد میں 52 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
قبل ازیں ممبر پالیسی / کمشنر پی آر اے گوجرانوالہ ڈاکٹر جاوید اقبال شیخ نے پی آر اے سب آفس سیالکوٹ کا افتتاح کیا اور تقریب کے شرکاءمیں شیلڈز تقسیم کیں۔
سورس:وی این ایس، سیالکوٹ











