لاہور،04 مارچ ( اے پی پی ): صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ صوبے بھرکے رمضان بازاروں میں 317زرعی فیئر پرائس شاپس قائم کی جائیں گی ان شاپس پر آلو، پیاز، ٹماٹر، سیب سمیت 13آٹیمز عام مارکیٹ سے 25فیصد رعایتی نرخوں پر ملیں گی لاہور میں 30رمضان بازار لگیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان پیکیج کو حتمی شکل دینے کے لئے وزارتی کمیٹی کے دوسرا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رمضان پیکیج کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے مشاورت اور رمضان بازاروں میں آٹا اور چینی پر سبسڈی کی فراہمی کے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا گیا۔ آئندہ اجلاس میں رمضان پیکیج کی سفارشات حتمی شکل دیکر کابینہ کی منظوری کے لئے بھجوائی جائیں گی رمضان پیکیج کو حتمی شکل دینے کے لئے سٹیک ہولڈرز سے بھی مشاورت کی جائے گی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئےصوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ماہ مقدس کی آمد سے قبل کسی صورت مصنوعی مہنگائی برادشت نہیں کی جائے گی، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مارکیٹوں میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں آٹے اور چینی کی ترسیل و مانیٹرنگ کا موثر نظام بنایا جائے۔
صوبائی وزیر لائیو سٹاک حسنین بہادر دریشک،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کین کمشنر اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی، صوبائی وزیر خوراک حامد یار ہراج ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے
سورس:وی این ایس، لاہور











