لاہور، 2 فروری ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صحت کے شعبہ میں پنجاب سرخرو ہوا، نرسنگ سکول اب کالجز بن گئے، رواں برس 3000 بچے داخل ہونگے، کورونا کے دوران مریضوں کی خدمت کرنیوالے میل اور فی میل نرسز کے مشکور ہیں،10 مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنا رہے ہیں جس کیلئے نرسز سکولوں کو اپ گریڈ کررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب نرسنگ کنونشن کی تقریب سے خطاب میں کیا۔نرسوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ اگر وزیراعلی پنجاب معاونت نہ کرتے تو نرسنگ میں انقلابی تبدیلیاں نہیں لا سکتیں،نرسنگ شعبے میں چودہ سو سیٹیں بڑھا کر اکتیس ہزار تک بڑھا دی ہے۔اب نرسنگ کو ڈگری ملے گی جس کی بین الاقوامی شناخت بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب صحت کے حوالے سے سرخرو ہوا نرسنگ سکول کالجز بن رہے ہیں رواں سال تین ہزار بچے داخل ہوں گے۔ پانچ سو میل نرس پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتی کئے گئے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ جب میں نے ان ہائوس جاب شروع کی تو ہیڈ نرس ڈاکٹر نسیم نے بہت سکھایا،نرسز کا سب سے مشکل کام ہوتا ہے کیونکہ اگر بدبو بھی آ رہی تو چہرہ بگاڑے بغیر مریض کی خدمت کرتی ہیں،کورونا مریض کی خدمت میں نرسز کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دس مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنا رہے ہیں جس کےلیے نرسز سکولوں کو اپ گریڈ کررہے ہیں۔