مالاکنڈ، 31 مارچ(اے پی پی): خیبر پختونخواہ کے بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں دیگر اضلاع کی طرح ضلع ملاکنڈ میں بھی پولنگ کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور ضلع ملاکنڈ کے تین تحصیلوں میں تقریبا تمام سیاسی جماعتوں بشمول آزاد امیدوار میدان میں موجود ہیں ۔ تحصیل درگئی میں 38 پولنگ سٹیشنوں کو حساس قراردیا گیا ہے جس کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ان پولنگ سٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں جبکہ بعض حساس علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے جوان اور ملاکنڈ لیویز کے اہلکار مسلسل گشت کر رہے ہیں ۔ تحصیل درگئی میں تقریبا143 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں ۔ ضلع بھر میں چار لاکھ سے زائد لوگ بلدیاتی انتخابات میں اپنی رائے کا اظہار کرینگے جس کےلئے تمام امیدواروں نے ووٹرز کو پولنگ سٹیشنز لانے کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے ۔











