پشاور، 3مارچ(اے پی پی): صوبائی وزیر قانون فضل شکور خان نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی دفعہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے لینڈ ریکارڈ کے لئے حکمتِ عملی تیار کر لی ہے اور اس سلسلے میں لینڈ کمپیوٹرائزیشن کا عمل بہت جلد ضم شدہ اضلاع تک بڑھا دیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبائلی ضلع مہمند کا ایک روزہ دورہ کے موقع پر یکہ غنڈ ڈگری کالج ہال میں مشاورتی اجلاس سے خطاب میں کیا۔صوبائی محتسب سید جمال الدین شاہ بھی انکے ہمراہ تھے ۔وزیر قانون فضل شکور خان نے صوبائی حکومت سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بھی ریونیو ریکارڈ سسٹم جلد شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے جائیداد کے تنازعات جلد از جلد حل کرنے کے لئے قانون سازی کی، اور یہی وجہ ہے کہ آج صوبائی محتسب آپ کے شکایات چھ مہینے کے اندر حل کرنے کے پابند ہیں۔











