اٹک، 27 مارچ (اے پی پی): صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال پنجاب سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ متوازن شخصیت سازی میں کھیل اہم کردار ادا کرتی ہے ، طلباء کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی دلچسپی لیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج اٹک میں دوروزہ سالانہ کھیلوں کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ کالج پہنچنے پر پرنسپل پروفیسر ماجد وحید بھٹی نے دیگر سٹاف کے ہمراہ صوبائی وزیر کا استقبال کیا۔سالانہ مقابلوں میں کالج کے طلباء نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا اور اپنی صلاحیتیں دکھائیں ، پوزیشنز لینے والے طلباء میں صوبائی وزیر نے انعامات بھی تقسیم کیے۔
سید یاور عباس بخاری نے پرنسپل پروفیسر ماجد وحید بھٹی اور ان کی ٹیم کو شاندار تقریب کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ صحت مند ذہن نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں توازن برقرار رکھے بغیر ممکن نہیں۔طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا آپ پاکستان کا مستقبل ہیں خدارا جو بھی تعلیم حاصل کریں اسے ضائع نہ ہونے دیں اور زندگی میں آگے بڑھ کر ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں چاہے جس شعبے میں بھی جائیں اپنے شہر اور ادارے کا نام روشن کریں ۔ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ طالبات میں کھیلوں سمیت ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا شوق پیدا کریں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔
صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی بھر پور حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور طلباء طالبات کے تمام کالجز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائیں ۔انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں توازن برقرار رکھیں اور کھیلوں کے ساتھ ساتھ پڑھائی پر بھی توجہ دیں۔
قبل ازیں پرنسپل پروفیسر ماجد وحید بھٹی نے کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوۓ کہا کہ کھیلوں کے یہ مقابلے دس سال بعد منعقد کیے جارہے ہیں جس سے کالج کے طلباء میں جسمانی طور پر توانا رہنےکا رحجان بڑھے گا۔
تقریب میں ریجنل ڈاٸریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی لاہور کیمپس امان اللہ خان،ڈپٹی ڈاٸریکٹر کالجز اٹک پروفیسر ارشد خان،پروفیسر اعتزاز عزیر،پروفیسر عاصم رشید اور دیگر احباب بھی موجود تھے۔
سورس :وی این ایس ، اٹک











