ملتان، 02 مارچ (اے پی پی ): حکومت پنجاب کا کورونا وباء میں خدمات سر انجام دینے والی نرسز کو خراج تحسین، ضلع بھر کی نرسز کو پولیس لائنز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں اور سی پی او خرم شہزاد حیدر نے میزبانی کی اور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے نرسز کی خدمات پر اعزاری سلیوٹ پیش کیا ۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور نرسز نے کورونا وباء میں انسانی خدمت کی عظیم مثال قائم کی ہے ، حکومت پنجاب اور سول سوسائٹی انکی جذبے کو سلام پیش کرتی ہے۔
ڈی سی عامر کریم خاں نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب نے نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے اور گارڈ آف آنر نرسز کی خدمات کے اعتراف کی کاوش ہے۔
اس حوالے سے سی پی او خرم شہزاد حیدر نے کہا کہ کورونا کے خلاف طبی عملے نے مثالی عزم کے ساتھ جنگ لڑی ہے ، ڈاکٹرز اور نرسز نے فرنٹ لائن پر کھڑے ہوکر عظیم مثال قائم کی ہے۔
محکمہ ہیلتھ کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی تقریب میں شریک ہوئے۔











