اسلام آباد ، 02 مارچ (اے پی پی ): سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بحری مشق سی سپارک 2022 کے دوران بحری جہازوں، کوسٹل اور کریکس کے علاقوں کا دورہ کیا ہے اور اماڑہ ،سجاول اورشاہ بندر میں نیول تنصیبات کا جائزہ لیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امیرالبحر نے کھلے سمندر میں پی این ایس طغرل اور طارق کا دورہ بھی کیا اور مشق کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ملکی سمندری حدود کے دفاع میں افسران اور جوانوں کی بے لوث لگن اور عزم کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ دشمن کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی پربھرپور ردعمل کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔











