ملتان، 19 مارچ (اے پی پی): آر پی او جاوید اکبر ریاض سے ماس کام گریجویٹس انٹرنیز نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی، آر پی او نے پولیس کے کام کے طریقہ کار سے آگاہ کیا اور کہا کہ عوام کی جان و مال کے لیے پولیس 24 گھنٹے فعال ہے۔
آر پی او جاوید اکبر ریاض نے کہا نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں، نوجوانوں کی عملی زندگی کے لیے تیاری میں انٹرن شپ پنجاب حکومت کا احسن اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان مثبت سوچ،مثبت رویوں کے ساتھ آگے بڑھیں ، معاشرے سے منفی رحجانات کو ختم کرنا مشترکہ ذمہ داری ہے۔
جاوید اکبر ریاض نے کہا کہ جرائم کی شرح میں کمی معاشرہ کے تعاون سے ہی ممکن ہے، پولیس کو جھوٹی درخواستیں فوری انصاف کی راہ میں روکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی انا کی تسکین کے لیے لوگ پولیس سے غلط بیانی کرتے ہیں ، مثبت معاشرتی تبدیلیاں مسلسل جدوجہد کی متقاضی ہیں۔
انٹرنیز کو آر پی او آفس میں مختلف برانچز کی بریفنگ بھی دی گئی۔
سورس: وی این ایس، ملتان