ملتان، 10 مارچ (اے پی پی ): گردوں کے عالمی دن ( ورلڈ کڈنی دے) کی مناسبت سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں واک کا اہتمام کیا گی۔ جس کی قیادت وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے کی۔ ڈیپارٹمنٹ آف یورولوجی اور نیفرالوجی کے زیر اہتمام ہونے والی واک کا آغاز نشتر ایڈمنسٹریشن بلاک سے ہوا جو کہ نشتر ٹاور کے قریب جا کر اختتام پذیر ہوئی ، واک کا مقصد گردوں کے امراض اور ان کی حفاظت سے متعلق آگہی و شعور پیدا کرنا تھا۔ واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر گردوں کی بیماریوں کے اسباب اور انکی روک تھام کے حوالے سے آگاہی پیغامات درج تھے۔
طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ گردوں کے بیماریوں سے بچنے کے لیے پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تا کہ گردوں کی پتھری کا سبب بننے والے اجزاء کا اخراج ممکن ہوسکے، موٹاپے سے بچیں، سگریٹ نوشی اور سیلف میڈیکشن سے پرہیز کریں۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گردوں کا شمار ہمارے جسم کے اہم اعضاء میں ہوتا ہے اور اس کی صحت کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے، تمام افراد بلخصوص ساؤتھ پنجاب جیسے گرم علاقوں میں رہنے والے پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ بلڈ پریشر اور شوگر کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے اپنے معالج سے باقاعدگی سے چیک اپ کروائیں تا کہ گردوں کے امراض سے بچا جا سکے اور کسی بیماری کی صورت میں بروقت تشخیص کو ممکن بنایا جا سکے۔
واک کے اختتام پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے گردوں کے عالمی دن کے حوالے سے ایک کیک بھی کاٹا۔واک میں پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود، سربراہ شعبہ یورالوجی پروفیسر ڈاکٹر قدیر چوہدری، سربراہ شعبہ نیفرالوجی پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس، پروفیسر ڈاکٹر اعظم خان، ڈاکٹر زہرا نازش، اے ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر طارق سعید پیرزادہ سمیت سینئر فیکلٹی ممبران، ڈاکٹرز اور نرسز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔











