صحت مند، باصلاحیت اور بااعتماد نوجوان ہی کسی بھی قوم کا حقیقی سرمایہ ہوتے ہیں،مینا مجید

0

کو ئٹہ، 05 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید نے کہا ہے کہ صحت مند، باصلاحیت اور بااعتماد نوجوان ہی کسی بھی قوم کا حقیقی سرمایہ ہوتے ہیں اور کھیلوں کے فروغ سے نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر منعقد ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی، قومی یکجہتی، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشنِ آزادی فٹ بال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات، نوجوانوں اور شائقینِ کھیل کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔مینا مجید نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور اگر انہیں مناسب مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوان اپنی توانائیاں مثبت سرگرمیوں میں صرف کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ فٹ بال بلوچستان کا مقبول ترین کھیل ہے اور صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت کھلاڑی قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ جشنِ آزادی فٹ بال ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کرے گا اور ان میں صحت مند مقابلے کے رجحان کو فروغ دے گا۔مشیر کھیل و امور نوجوانان نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور یومِ آزادی کی تقریبات ہمیں اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں کو یاد رکھنے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ کھیل کے میدان میں بہترین اخلاق، نظم و ضبط اور سپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں نوجوان نسل کی مثبت تربیت اور کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔